سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ میں مسیحی کمیونٹی کی جانب سے ایک روزہ پرئیر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی قیادت معروف مذہبی رہنما پاسٹر انور فضل نے کی۔

فیسٹیول کے دوران شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر قومی اتحاد اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب اور عقائد کا مشترکہ وطن ہے، اور ہماری قومی یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ خدمتِ انسانیت، ترقی اور دفاعِ وطن میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر نیلسن عظیم نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے وقار اور استحکام کی علامت ہے، ہم سب ایک قوم ہیں اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پاسٹر انور فضل نے اپنے روح پرور خطاب میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے، اور ہماری وفاداریاں صرف اپنے ملک کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں پاکستان ایک مضبوط اور متحد قوم کے طور پر ابھرا ہے۔

پاسٹر انور فضل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کو بھی سراہا، کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب میں ہر مذہب کے پیروکاروں کو برابری، آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔

انہوں نے بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام امن، رواداری اور محبت کا ہے، جو پاکستان کی اصل پہچان ہے۔

تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، پاک فوج کی کامیابی، شہداء کے درجات کی بلندی، دہشت گردی کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں ضلعی انتظامیہ، مختلف بشپ، پاسٹرز، اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Shares: