سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیورورپورٹ+سٹی رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔ گزشتہ 10 ماہ میں قبضہ مافیا سے 44 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی 16 کنال 1 مرلہ قیمتی اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے، جبکہ 1395 مستقل تجاوزات مسمار، 761 پراپرٹیز سربمہر اور 90 لاکھ 23 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ تجاوزات میں ملوث 11 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
یہ بات انہوں نے حاجی پورہ روڈ پر تجاوزات ہٹانے کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خارج علی روڈ، چرچ روڈ کے بعد حاجی پورہ پر آپریشن جاری ہے، جو بلا امتیاز تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی حدود میں رہیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محمد اقبال سنگھیڑا کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف سڑکیں کشادہ ہو رہی ہیں بلکہ ٹریفک کا بہاؤ بھی بہتر ہو رہا ہے، جس پر شہریوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر تہہ بازاری مستنصر خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔