سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا دوسرا اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل محمد عمیر، ایس پی انویسٹیگیشن عثمان سیفی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کے علاوہ ایف آئی اے، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ٹریفک پولیس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، کسٹمز، گیپکو، سول ڈیفنس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مقامی حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ایف آئی اے کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ سے غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے اور انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین کے بارے میں جامع آگاہی فراہم کی جائے اور انہیں اوور سپیڈ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کم عمر اور بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلع سیالکوٹ میں گداگری کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس، اسپیشل برانچ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 300 بھکاریوں کو ویگرنسی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 25 کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری کے بعد بھی بھیک مانگنے سے باز نہ آنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن/کمیٹیوں کو گیپکو کے بلوں کی فوری ادائیگی کے لیے اپنے واجبات کی ریکوری تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلف جنریشن ریسورسز سے پیمنٹ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے جبکہ گیپکو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کے لائن لاسسز 5 فیصد سے کم ہیں اور جون تک ریکوریوں کی بدولت یہ شرح مزید کم ہوگی۔ انہوں نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے گیپکو سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کے 100 فیصد اندراج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد انعم بابر کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن/کمیٹیوں کے واٹر سپلائی، ڈسپوزل اسٹیشنز اور اسٹریٹ لائٹس کے بجلی کی ادائیگی کے لیے متعلقہ مقامی حکام سے مل کر لائحہ عمل مرتب کریں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے ضلع سیالکوٹ میں نان کسٹمز گاڑیوں کو پکڑنے، انٹی نارکوٹکس کارروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن، منی پٹرول پمپس اور گیس کی ڈی کنڈنگ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دی۔

Shares: