سیالکوٹ,باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو)اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور فیصل اکرام چودھری کو پراجیکٹ ڈائریکٹر پیسپ حمزہ سالک اور نیسپاک ٹیم کی جانب سے پیسپ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال، خواجہ ٹیپو، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن اقبال سنگھیڑا، چیف انجینئر پیسپ شیخ طاہر، سیف اللہ، سی او ایم سی ایس ملک اعجاز اور سٹی مینیجر پیسپ علی خان بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے پیسپ حکام کو ہدایت کی کہ پیسپ پراجیکٹ کے تحت واٹر سپلائی اور سیور لائن ڈالنے کے بعد روڈ اور گلیوں کی بحالی کا کام 30 روز میں مکمل کیا جائے۔
پنجاب سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پیسپ) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گئے ہیں۔ سیوریج اور واٹر سپلائی کی لائنیں اور کنڈوٹ ڈالنے کے بعد روڈ اور گلیوں کی بحالی کے کام کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ پیسپ پراجیکٹ کا مقصد سیالکوٹ کے باسیوں کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے اور اس پراجیکٹ کو ایشین بینک کے اشتراک سے حکومت پنجاب نے شروع کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لیے نیسپاک کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ان کی بنیادی ذمہ داری ڈیزائن کے مطابق منصوبے کی تکمیل اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور پیسپ ٹیم کے تعاون سے منصوبوں کی کوالٹی اور بحالی پر بھرپور توجہ دی جائے گی تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچیں اور ان کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔