سیالکوٹ (بیورو چیف خرم میر): سیالکوٹ پولیس نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سیالکوٹ کے رہائشیوں کے تعاون سے شہر کو ایک مثالی شہر بنایا جائے گا۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے اور سیالکوٹ کو پرامن شہر بنایا جا سکے۔

Shares: