سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ضلع سیالکوٹ میں رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 3 فروری سے کیا جائے گا، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس قومی مہم میں 6,288 پولیو ورکرز حصہ لیں گے، جنہیں 2,879 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں:
🔹 2,276 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر، اسکولوں، جھونپڑ بستیوں، بھٹوں اور کچی آبادیوں میں بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔
🔹 133 فکسڈ/ رومنگ ٹیمیں بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز اور اسپتالوں میں خدمات انجام دیں گی۔
🔹 69 ٹرانزٹ ٹیمیں بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز، اہم چوراہوں اور مصروف مقامات پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں، جبکہ رومنگ اور ٹرانزٹ ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار ہر وقت موجود رہیں گے۔