سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے مون سون کی ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

صبا اصغر علی نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور تمام ادارے ہمہ وقت تیار رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔ انہوں نے خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی، نشیبی علاقوں میں خصوصی حفاظتی اقدامات اور ضلعی سطح پر مؤثر نگرانی کے نظام کو فعال رکھنے کی ہدایت بھی دی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل فعال رکھنے، ایمرجنسی رین کیمپس کے لیے ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے اور مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تالابوں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور بارش کے پانی میں نہانے سے پرہیز کریں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ضلعی کنٹرول روم سیالکوٹ کو 24 گھنٹے فعال کر دیا گیا ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری 1718 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور سرکاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

Shares: