سیالکوٹ (بیوروچیف باغی ٹی وی شاہد ریاض) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی زیر صدارت حلقہ PP-52 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سیکیورٹی و لاجسٹک انتظامات پر اہم اجلاس پولیس لائنز سیالکوٹ میں منعقد ہوا، جس میں تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔

ڈی پی او نے اجلاس میں بتایا کہ سیالکوٹ پولیس نے ضمنی انتخابات کے لیے ایک جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے، جہاں اضافی نفری، خواتین اہلکار، کیمروں سے نگرانی اور ریزرو فورس تعینات کی جائے گی۔ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس ٹیمیں اور کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی سروسز سے بھی مربوط رابطہ رکھا جائے گا۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولنگ اسٹیشنز کے اطراف امن و امان کی صورتحال پر سخت نظر رکھیں اور سیاسی یا ذاتی دباؤ سے بالاتر ہو کر قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو کھانے، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی سیکیورٹی پلان کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا سکیں۔

اجلاس میں تمام افسران نے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔

Shares: