سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)بڈیانہ کے نواحی گاؤں ڈھلم میں سات ماہ کی حاملہ بیوی کو قتل کرنے والے مجرم شاہد کو عدالت نے دو بار سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے دیت ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق، دو سال قبل گھریلو جھگڑے کے دوران مجرم شاہد نے اپنی سات ماہ کی حاملہ بیوی کو بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔ مقتولہ کے حاملہ ہونے کے سبب یہ واقعہ دو جانوں کے قتل کے مترادف تھا۔ عدالت نے مقدمے کی مکمل سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت سنائی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم کے خلاف ناقابل تردید شواہد اور گواہوں کے بیانات عدالت میں پیش کیے گئے، جن کی بنیاد پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔ مقتولہ کے اہلخانہ نے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ مظلوم خواتین کو انصاف دلانے کی سمت ایک اہم قدم ہے اور اس سے خواتین پر ہونے والے مظالم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔