سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) سیالکوٹ کے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ سہیل اقبال ہرڑ اور سیکرٹری ایڈووکیٹ چوہدری راحت نذیر وینس نے ایثار بلڈ بنک کا دورہ کیا۔ ان کا استقبال ایثار ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست حاجی محمد انور، صدر محمد صدیق، نائب صدر نبیل کھوکھر اور دیگر عملے نے گرمجوشی سے کیا۔
ایثار ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدر محمد صدیق حیدر نے معزز مہمانوں کو بلڈ بنک کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بلڈ بنک نے اب تک 25 ہزار سے زائد خون کے عطیات کی درخواستیں وصول کی ہیں جن میں سے ساڑھے دس ہزار پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے۔ مزید یہ کہ بلڈ بنک میں خون کے بدلے خون حاصل کیا جاتا ہے تاکہ مستقبل میں ضرورت مند افراد کی مدد ہو سکے۔ یہ سیالکوٹ کا واحد ادارہ ہے جو 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے، تین شفٹوں میں کام کرتا ہے اور حتیٰ کہ عید جیسے مواقع پر بھی اپنی خدمات فراہم کرتا ہے تاکہ کسی بھی مریض کو خون کی کمی کا سامنا نہ ہو۔
صدر اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار نے ایثار ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خدمات کو بے حد سراہا اور ادارے کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر حاجی انور، نبیل کھوکھر، امجد رانا ایڈووکیٹ، اور رانا اصغر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔