پسرور (باغی ٹی وی، نامہ نگاروقاص اسلم) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ شاہد عباس نے کہا ہے کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ کم سے کم اجرت کے قانون پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے اور کم سن بچوں سے مشقت لینے والے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی برائے انسداد جبری مشقت اور اینٹی ہیومین ٹریفکنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

شاہد عباس نے مزید کہا کہ لیبر کورٹ کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کے لیے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کارروائی کرے گی تاکہ کسی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر طیب ورک، صدر بھٹہ ایسوسی ایشن میاں اکرام، سول سوسائٹی کے ممبران اشفاق نذر گھمن اور مرزا عبدالشکور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسی ساجد علی، اور لٹریسی و چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں بھٹہ مزدور بچوں کے لیے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے قائم غیر رسمی اسکولوں کے معائنہ کے لیے سول سوسائٹی اور بھٹہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران مشترکہ وزٹ کر کے رپورٹس پیش کریں گے تاکہ بچوں کی تعلیم اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: