سیالکوٹ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب کیپٹن (ر) عطاء محمد خان نے کہا ہے کہ ادارہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے متحرک ہے۔ صوبائی محتسب پنجاب ایکٹ 1997 کے تحت بدانتظامی سے متاثرہ افراد کی شکایات کا 30 سے 45 دن میں ازالہ کیا جاتا ہے، جبکہ فیصلے کی کاپی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

یہ بات انہوں نے سول سوسائٹی کے نمائندوں محمد اشفاق نذر، میاں اعجاز انجم، چوہدری آفاق اور میاں سرفراز نواز سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر پرسنل اسسٹنٹ ڈاکٹر نورالعین بھی موجود تھے۔

کیپٹن (ر) عطاء محمد خان نے کہا کہ ہر شہری صوبائی محتسب کے دفتر میں اپنی شکایات درج کرا سکتا ہے۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے شعور اجاگر کریں تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں میں بدانتظامی، کرپشن، ناانصافی یا لاپروائی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری 24/7 ہیلپ لائن 1050 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Shares: