سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر سے لے کر نیچے تک تمام افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی کے اشارئیے دیے گئے ہیں، جن کے تحت افسران کی روزانہ کی بنیاد پر اسکورنگ کی جاتی ہے اور یہ نظام ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

بلال یاسین نے مزید کہا کہ گورننس ماڈل کو بہتر بنانے اور عوام تک اس کے فوائد پہنچانے کے لیے ہر ڈویژن میں صوبائی وزیروں کو ڈیوٹی اسائن کی گئی ہے۔ وہ ڈی سی آفس کمیٹی روم میں سیالکوٹ اور نارووال کی ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر مقامی حکام موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور اراکین اسمبلی کو فیلڈ میں متحرک کرنے کا مقصد تعلیم، صحت، صفائی اور دیگر میونسپل سروسز میں نمایاں تبدیلی لانا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات عوام تک پہنچانے کی بنیادی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہے، جس میں اراکین اسمبلی معاونت فراہم کریں گے۔

وزیر بلال یاسین نے یہ بھی کہا کہ "اپنا گھر، اپنی چھت” اسکیم کے ذریعے غریبوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلا جا رہا ہے، اور اضلاع کی داخلی و خارجی راستوں کو دلکش بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ کا مقصد سسٹم کی خامیوں کو درست کرنا اور عوامی نمائندے اور ریاستی مشینری مشترکہ حکمت عملی کے تحت شہریوں کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔

Shares: