پنجاب کے رواں مالی سال بجٹ میں سیالکوٹ کے 19 نئے ترقیاتی منصوبے شامل

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کے بجٹ میں ضلع سیالکوٹ میں 19 نئے ترقیاتی منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے ہیں ان منصوبوں پر شاہراہوں کے 16 پراجیکٹس ، سپورٹس کے 7 منصوبے بھی شامل ہیں ، جنرل بس اسٹینڈ اور سرکاری دفاتر کی منتقلی کے منصوبے بھی سالانہ اے ڈی پی کا حصہ ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد آصف نے بریفنگ دی ۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ روڈ سیکٹر کے اہم پراجیکٹس میں 1947 ملین روپے لاگت سے اولڈ ائیر پورٹ روڈ ، 1 ایک ارب روپے لاگت سے بڈیانہ چونڈہ ظفر وال روڈ، 724 ملین روپے لاگت سے چونڈہ سبز پیر روڈ، 749 ملین روپے لاگت سے کلاسوالا تا قلعہ کالر والا روڈ، 692 ملین روپے لاگت سے بڈیانہ معراج کے روڈ، 619 ملین روپے لاگت سے وزیر آباد ڈسکہ روڈ کے علاؤہ گوجرانوالہ سیالکوٹ روڈ، گوجرانولہ پسرور روڈ، کنگرہ سیالکوٹ روڈ، نارووال مریدکے روڈ تا سیالکوٹ روڈ، خواجہ صفدر روڈ، سمبڑیال ماجرہ روڈ، موترہ بڈیانہ روڈ، ڈیفنس روڈ، ڈسکہ بائپاس روڈ، کنگرہ سیالکوٹ روڈ، ایسٹرن بائپاس کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس شامل ہیں ان منصوبوں پر 7445 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے ۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ ترقیاتی پروگرام میں چاروں تحصیلوں میں سات سپورٹس پراجیکٹس پر 1055 ملین روپے خرچ ہوں گے یہ پراجیکٹس سیالکوٹ سٹی، ڈسکہ، چونڈہ، سٹی پسرور ، کوٹلی سید امیر، سرانوالی، سمبڑیال میں بنائے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈ کی شہر سے باہر منتقلی کے منصوبے پر ابتدائی طور پر 200 ملین روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے ، سرکاری دفاتر کی ایمن آباد روڈ پر منتقلی کی فزیبلٹی رپورٹ کے لیے فنڈز بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کھیوہ باجوہ میں ڈرین سکیم بھی نئے ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے ۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ بلا تاخیر پراجیکٹس کے پی سی ون تیار کرکے منظوری کے لیے مجاز فورم کو بھجوائیں

Leave a reply