سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر قیادت جاری پنجاب کسان کارڈ اسکیم کے فیز ٹو کے لیے ضلع سیالکوٹ میں اب تک 13 ہزار 444 آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ 217 کسانوں نے مینول طریقے سے اسکیم میں شمولیت کے لیے درخواست دی ہے۔ یہ اعداد و شمار ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سیالکوٹ سجاد حیدر نے ایک اہم اجلاس میں فراہم کیے۔
سجاد حیدر نے بتایا کہ فیز ون کے اختتام تک جون 2024 تک ضلع سیالکوٹ میں 9,841 کسانوں کو کسان کارڈز جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس اسکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بلا سود قرض کی حد پانچ ایکڑ سے بڑھا کر 10 ایکڑ تک کر دی گئی ہے، جس کے تحت فی ایکڑ 30 ہزار روپے کی سہولت دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق، فیز ٹو کے آغاز ہی سے کسانوں کی بڑھتی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ کسان اس اسکیم پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ برس کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود قرض حاصل کرنے والے 95 فیصد کاشتکاروں نے اپنی رقم واپس ادا کر دی ہے، جس کے بعد اب وہ فیز ٹو میں دوبارہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ کسان کارڈ کے ذریعے حاصل کردہ قرض کی تقسیم کچھ یوں ہو گی.30 فیصد رقم کسان کو نقد صورت میں دی جائے گی،20 فیصد رقم ڈیزل کے حصول کے لیے مختص ہو گی.باقی 50 فیصد رقم سے کسان مقرر کردہ ڈیلرز سے کھاد، بیج اور زرعی ادویات خرید سکیں گے۔
سجاد حیدر نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ مدت میں درخواست جمع کروائیں تاکہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی یہ اہم مالی امداد زراعت کی بہتری اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کا باعث بنے۔
یہ اسکیم نہ صرف کسانوں کو معاشی استحکام فراہم کر رہی ہے بلکہ زرعی معیشت کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔