سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) دیا ویلفیئر آرگنائزیشن کی سینئر نائب صدر راحیلہ اشرف نے کہا ہے کہ ہنرمند افراد کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اپنے فن اور مہارت کے ذریعے یہ افراد نہ صرف اپنی ذات بلکہ اپنی قوم کو بھی ترقی کے راستے پر گامزن کرتے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بات تنظیم کی جانب سے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مفت کمپیوٹر اور سی این اے کورسز کی کلاسز کے آغاز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
راحیلہ اشرف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی حقیقی ترقی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب اس کے پاس مہارت یافتہ افراد کی ایک متوازن اور مؤثر تعداد موجود ہو۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین نے گزشتہ ستر برسوں میں جو ترقی کی منازل طے کیں، اس میں ان کے ہنرمند طبقے کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم و تربیت کی افادیت اور اہمیت ایک مسلمہ حقیقت ہے، اور تاریخ گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کی بلندیاں چھو پاتی ہیں جنہوں نے ہنر کو فروغ دیا۔ پاکستان اس وقت بے روزگاری سمیت کئی بڑے چیلنجز سے دوچار ہے، مگر اگر نوجوانوں کو فنی مہارتیں سکھائی جائیں، انہیں درست سمت میں رہنمائی فراہم کی جائے تو یہ ملک کی معیشت کو سنبھالا دینے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
راحیلہ اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے باوجود نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد روزگار سے محروم ہے، لیکن اگر انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر سکھائے جائیں تو نہ صرف ان کا مستقبل روشن ہوگا بلکہ ملک کی مجموعی ترقی کا سفر بھی تیز تر ہو سکتا ہے۔








