سیالکوٹ : بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ، ڈپٹی کمشنر نے نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض): سیالکوٹ اور مقبوضہ کشمیر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے تمام متعلقہ اداروں کو سیلاب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے شہر کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے جاری آپریشن کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی رین ایمرجنسی ریلیف کیمپ فعال کر دیے جائیں اور ڈسپوزل اسٹیشنز کو آن کر دیا جائے تاکہ بارشی پانی کا نکاس جلد از جلد ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ آج صبح شہر میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور بروقت اقدامات کی وجہ سے پانی کا نکاس جلد ممکن ہو گیا۔ تاہم، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چند دنوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے اور دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

اس کے پیش نظر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے۔

Leave a reply