سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمدثررتو) ای ایل سی کڈز کلب حسنات کیمپس کے ڈائریکٹر محسن سردار نے رمضان المبارک کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ کی عظیم نعمت ہے، جس میں عبادات اور نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں شیطان کو قید کر دیا جاتا ہے تاکہ مسلمان زیادہ سے زیادہ عبادت کر سکیں اور اپنے گناہوں کی معافی حاصل کریں۔ ہمیں قرآن کی تلاوت کے ساتھ اس کا ترجمہ پڑھنے اور سیکھنے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
محسن سردار نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ روزہ داروں کو ریلیف فراہم کریں تاکہ اللہ کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔
معروف قانون دان شاہد اقبال وریاہ ایڈووکیٹ نے بھی رمضان المبارک کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہے، جس میں رحمتوں کی بارش ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس اسی مہینے میں نازل ہوا۔ مسلمانوں کو اس مبارک مہینے میں عبادت کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے اور کوئی لمحہ ضائع نہیں کرنا چاہیے۔