سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جن کی درست رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وڈالہ سندھواں میں رحمن فری ڈائیلسز سنٹر اور بیسٹ نیشن فری آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

گورنر پنجاب نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچیاں ملک کا اصل مستقبل ہیں اور انہیں اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی بھی انتہائی ضروری ہے، جس پر اساتذہ کو خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے اسکول کو ڈگری کالج کا درجہ دینے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے شاہد محمود بٹ کی جانب سے اسکول کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی زمین عطیہ کرنے کے جذبے کو بھی سراہا۔ افتتاحی تقریب میں سابق اراکین اسمبلی شاہد محمود بٹ، شہلا شاہد ایڈووکیٹ اور ضلعی محکمہ صحت و تعلیم کے افسران بھی شریک تھے۔

Shares: