سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر مذہبی منافرت اور شرانگیزی پر مبنی مواد شیئر کرنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 298 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کو کشمیر روڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، جو اپنے موبائل فون کے ذریعے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے معافی کی درخواست بھی کی ہے۔

مزید تفتیش کے لیے پولیس نے ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے کر پنجاب فرانزک لیبارٹری کو بھیج دیا ہے تاکہ ڈیجیٹل شواہد کا تجزیہ کیا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں اور کسی بھی نفرت انگیز یا شرانگیز مواد کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

Shares: