سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے اسپیشل ایجوکیشن سنٹر سیالکوٹ میں ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کے تحت تزئین و آرائش اور جدید آئی ٹی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔

یہ منصوبہ قوتِ سماعت و گفتار سے محروم بچوں کے لیے قائم سرکاری ادارے میں تعلیم کے معیار اور سہولیات کی بہتری کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن نے نہایت خلوص اور جذبے کے ساتھ خصوصی بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں تمام کلاس رومز میں ایئر کولرز کی تنصیب، 2025 ماڈل اسمارٹ وائٹ بورڈز کی فراہمی اور مکمل کمپیوٹر لیب کا قیام شامل ہے، تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جا سکے۔

اس کے علاوہ سافٹ بورڈز کی تنصیب، وال کلاکس، ٹیبل شیٹس، ڈسٹبنز اور خوبصورت گلدان بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ کلاس رومز کا ماحول صاف ستھرا، خوشگوار اور تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے والا بنایا جا سکے۔ ادارے کی دیواروں کو تازہ اور جاذب نظر رنگوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم اور آرام دہ تعلیمی ماحول کی فراہمی نہ صرف ان کا بنیادی حق ہے بلکہ یہ ہماری معاشرتی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے ضامن ہوتے ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے اس منصوبے کو تعلیم کے شعبے میں ایک نمایاں سنگِ میل قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ دیگر تنظیموں اور اداروں کو بھی اس مثال سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کی بانی مائرہ خرم شیخ اور ماہ نور اکبر بٹ نے بتایا کہ یہ منصوبہ ٹیم ممبران کی رضاکارانہ محنت اور جذبے سے ممکن ہوا، جس پر تقریباً 20 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔ ان کے مطابق خصوصی بچوں کے ساتھ کام کرنے سے ان کی اپنی سیکھنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا، اور وہ مستقبل میں بھی اس مشن کو جاری رکھیں گی۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اور رکن اسمبلی نے ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کی فاؤنڈرز مائرہ خرم شیخ اور ماہ نور اکبر بٹ کو ٹرافیاں اور ٹیم کے دیگر ممبران کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سفر اسی جذبے اور عزم سے جاری رہے گا۔

Shares: