سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض )عید پر نہروں میں نہانے سے روکنے کے لیے ریسکیو کی پیٹرولنگ، ڈوبنے کے واقعات میں کمی
تفصیل کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران گرمی کی شدت کے باعث شہری بڑی تعداد میں نہروں اور دریاؤں کا رخ کرتے ہیں، جس سے ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ان حادثات سے بچاؤ کے لیے ریسکیو 1122 کے اہلکار سیکری ایمرجنسی سروسز کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی مختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے نہروں اور دریاؤں پر مسلسل پیٹرولنگ کی جا رہی ہے، جہاں نہانے والے افراد کو فوری طور پر باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جاتا ہے اور انہیں خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے سمجھایا جاتا ہے۔ ریسکیو 1122 کی اس بروقت اور مربوط حکمت عملی کے باعث ڈوبنے کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے گریز کریں اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔








