سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) ریسکیو 1122 نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک جامع ایمرجنسی کوریج پلان ترتیب دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے اعلان کیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران تمام ریسکیورز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے اور کسی بھی ریسکیور کی چھٹی منظور نہیں کی جائے گی۔
اس سلسلے میں سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کی۔ اجلاس میں ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب کے علاوہ تمام تحصیل انچارجز اور دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر عید کے دوران اہم مقامات، مساجد اور عید گاہوں پر میڈیکل کوریج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چاند رات کے موقع پر بھی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں شہر کے اہم اور رش والے مقامات پر موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ریسکیو محافظین بھی ہائی الرٹ رہیں گے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے تمام انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی گاڑیاں ہر وقت تیار رہیں اور ان میں ادویات کی وافر مقدار موجود ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی مشکل پیش آنے پر فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔