سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان میں احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی، صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی امن کمیٹی، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں گے۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور ضلعی حکام نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پہلے ہی گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتیں قابو میں رہیں اور عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، عبادت کے اوقات میں شور شرابہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور سحر و افطار کے دوران بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ 5 مارچ سے مسیحی برادری کے روزے اور رمضان میں ہندو برادری کا تہوار ہولی بھی ہے، اور سیالکوٹ کی مختلف مذہبی برادریاں ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی مثال قائم کرتی ہیں۔
اجلاس کے آخر میں علمائے کرام نے تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔