سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز افغان شہریوں کی رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ان کی واپسی کا عمل یکم اپریل سے شروع ہو چکا ہے۔ اب تک 1 ہزار 701 افغان شہریوں کو قائم کیمپ میں لایا گیا اور انہیں ان کے ملک روانہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بات پسرور روڈ سپورٹس کمپلیکس میں قائم افغان کیمپ کے دورے کے موقع پر کیمپ میں سہولیات، حفاظتی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے دوران بتائی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے میں افغان سٹیزن شپ کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے 464 افغان شہری رضاکارانہ طور پر واپس جا چکے ہیں اور 658 افغان شہریوں کو ڈیڈ لائن گزرنے پر کارروائیوں کے بعد بھجوایا گیا ہے، جبکہ 579 افغان شہری اس وقت کیمپ میں موجود ہیں جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے اپنے وطن روانہ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں افغان شہریوں کی سہولت کے لیے بہترین رہائشی و کھانے پینے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں اے سی سی ہولڈرز افغان شہریوں کی کل تعداد 5 ہزار 124 ہے، جبکہ حکومتی ڈیٹا کے مطابق 738 غیر قانونی اور 227 کمپلیکس کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔

Shares: