سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے اور فلڈ فائٹنگ آلات کی جانچ پڑتال کے لیے ضلعی انسپیکشن ٹیم نے ریسکیو اسٹیشن سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔
انسپیکشن ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر اور ڈی ڈی ایم سی کیوان حسن شامل تھے، جبکہ دورے کی قیادت ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ فواد شہزاد نے کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ٹیم کو فلڈ اسٹور روم، ریسکیو آلات اور ان کی فعالیت کا عملی مظاہرہ کروایا۔
اس موقع پر ریسکیو اسکاؤٹس نے ضلعی وارڈن جمیل جنجوعہ کی زیر قیادت فیلڈ اسپتال کا کیمپ اور انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے کنٹرول روم اور ریسکیو ایمبولینسز کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام آلات مؤثر حالت میں موجود ہیں۔