سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیرصدارت محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جس میں سیکیورٹی، صفائی، جلوسوں کے روٹس، وال چاکنگ اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سمیت دیگر اہم نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، شہری سہولیات اور مذہبی احترام کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام انتظامات مؤثر اور بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جلوسوں کے روٹس کا خود دورہ کریں اور تمام انتظامی امور کی خود نگرانی کریں۔

گیپکو حکام کو ہدایت دی گئی کہ جلوسوں کے راستوں میں موجود لٹکتی ہوئی تاروں کو فوری طور پر ہٹا کر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ سڑکوں کی مرمت، پیچ ورک اور وال چاکنگ کے خاتمے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی تاکید کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم کے دوران ڈرون کی پرواز پر مکمل پابندی عائد ہے، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

صبا اصغر علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق عزاداروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم 1718 کے ساتھ پولیس ہیلپ لائن 15 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی تاکہ شہری کسی بھی ہنگامی صورت میں بروقت مدد حاصل کر سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ محرم کے دنوں میں متحرک رہتے ہوئے اپنے فرائض کو ایمانداری سے ادا کریں اور شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔

Shares: