سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام نے ساتویں محرم کے روز مرکزی امام بارگاہ مستری عبداللہ اور امام بارگاہ اڈہ پسروریاں کا دورہ کیا۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس، روشنی، نکاسی آب، ریسکیو خدمات، سیکیورٹی اور دیگر متعلقہ امور کا موقع پر جائزہ لیا اور منتظمین سے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اراکین اسمبلی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں امن و امان، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے تاریخی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ہے تاکہ کسی بھی قسم کی شرانگیزی، لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور اسلحے کی نمائش کی مؤثر روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے بتایا کہ محرم کے دوران صوبے بھر میں سیکیورٹی اداروں کے 79 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، جبکہ 38 ہزار 375 مجالس و جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور صفائی، روشنی، نکاسی آب، ایمبولینس اور ریسکیو خدمات کو فعال رکھا گیا ہے۔ افواہوں اور فیک نیوز کی روک تھام کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کے راستوں پر ڈرون کیمروں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دونوں اراکین اسمبلی نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے شاندار کوآرڈینیشن سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے منتظمین کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق عوامی نمائندے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے تاکہ محرم الحرام کے ایام پُرامن، باوقار اور منظم انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔

اراکین اسمبلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھیں، افواہوں پر کان نہ دھریں، 9 اور 10 محرم کے جلوسوں کے متبادل ٹریفک پلان پر عمل کریں اور پولیس و انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Shares: