سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ کے زیر اہتمام سوئمنگ سیکھنے والے نوجوانوں کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے ایک خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ لیکچر کی صدارت انچارج ایجوکیشن ونگ ڈاکٹر شفقت رسول نے کی، جنہوں نے نوجوانوں کو دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اور قانون کی پاسداری کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر شفقت رسول نے نوجوان شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہیلمٹ کا استعمال زندگی کی ضمانت ہے، جبکہ ون ویلنگ کوئی کھیل نہیں بلکہ موت کا پیغام ہے۔” انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے۔
لیکچر کے دوران شرکاء کو عملی مثالوں سے سمجھایا گیا کہ کیسے معمولی سی غفلت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈاکٹر شفقت رسول نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ روڈ سیفٹی اصولوں پر سختی سے عمل کریں، ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور اپنے دوستوں و اہل خانہ کو بھی اس کی تلقین کریں تاکہ محفوظ سڑکوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔
لیکچر کے اختتام پر نوجوانوں نے اجتماعی طور پر عہد کیا کہ وہ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں گے، تیز رفتاری سے اجتناب کریں گے اور ون ویلنگ جیسے خطرناک عمل سے مکمل پرہیز کریں گے۔ اس اقدام کو والدین اور شہری حلقوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔








