سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے میں ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی ہے، جہاں تین موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر بشیر کریانہ سٹور کو لوٹ لیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکو کریانہ سٹور سے 15 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوئے۔ واردات کے بعد جب ڈاکو مراکیوال کی طرف جا رہے تھے تو متاثرہ شہری کے بھائی نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر یاسین نامی راہگیر شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کوٹلی لوہاراں پولیس موقع پر پہنچی، زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
شہری حلقوں نے دن دیہاڑے ہونے والی اس واردات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔








