سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری نے سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ساجد ورک نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو مانیٹرنگ سسٹم اور سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ایوب بخاری نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں تمام جلوسوں کے روٹس کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق شہر بھر میں 263 فعال سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو محکمہ داخلہ کے سنٹرل کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور تمام سرگرمیوں کی براہِ راست مانیٹرنگ جاری ہے۔

سیف سٹی اتھارٹی کا تربیت یافتہ عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہا ہے، جو ماتمی جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر چوکسی برقرار رکھی جائے۔

Shares: