سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیف سٹیز پراجیکٹ کے ذریعے نہ صرف سیالکوٹ بلکہ صوبے کے دیگر 19 اضلاع میں بھی امن و امان اور شہری مسائل میں بہتری کی توقع ہے۔ یہ منصوبہ جس کی تکمیل آخری مراحل میں ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے جرائم کی روک تھام، تجاوزات کا خاتمہ، صفائی کے نظام میں بہتری اور ٹریفک کے مسائل کی موثر نگرانی ممکن ہو گی۔

چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف کمپلینٹ سیل پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ضلعی پولیس حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی عوام کے ساتھ رویے میں بہتری لانے اور تفتیشی نظام کو جدید بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیوفینسنگ اور سیف سٹیز جیسے جدید پروگرامز کی مدد سے پولیس جرائم کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہو سکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج کیلئے وقت مقرر کر دیا گیا ہے اور پیپر لیس آن لائن ایف آئی آر سسٹم سے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ایف آئی آر میں ردو و بدل کی گنجائش ختم ہو گئی ہے۔

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اجلاس میں ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشے اور ریڑھی بانوں کو پابند کیا جائے کہ وہ ٹریفک کے بہاؤ کو متاثر نہ کریں اور مخصوص مقامات پر ہی اپنی گاڑیاں پارک کریں۔

چیئرپرسن نے ڈی سی آفس سیالکوٹ میں پرائس میکنزم پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹ کمیٹی نیلامی کے عمل کو بہتر بنائے تاکہ سبزیوں اور پھلوں کی درست قیمتوں کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہول سیل مارکیٹوں کی موثر نگرانی کے بغیر خوردہ قیمتوں پر عملدرآمد ممکن نہیں۔

چیئرپرسن نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو ہدایت کی کہ وہ پرانی سبزی منڈی کا معائنہ کرکے ایک منصوبہ تیار کریں جس کے تحت وہاں ماڈل ریڑھی بازار اور ماڈل مچھلی و چکن بازار قائم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانی سبزی منڈی کی پراپرٹی کو محکمانہ اور عوامی مفاد میں بہترین استعمال کیلئے ایک قابل عمل تجویز پیش کی جائے۔

چیئرپرسن نے شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے آسان اور فوری اجراء پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف چالان کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے، ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

Shares: