سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) سکول داخلہ مہم 2025 کا آغاز، ایک لاکھ 13 ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں سکول داخلہ مہم 2025 کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر بچوں کے نام رجسٹرڈ کیے گئے، بستے اور کتابیں تقسیم کی گئیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں ایک لاکھ 13 ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ سکول سے باہر بچوں کو نہ صرف سکول لائیں بلکہ ان کی شخصیت سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کر سکیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ مجاہد حسین علوی، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن محمد نواز شاہین اور ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن محمد احمد ججہ نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ نئے تعلیمی سال میں داخلوں پر کوئی پابندی نہیں، والدین جب چاہیں بچوں کا داخلہ کروا سکتے ہیں۔ اس موقع پر پرائمری سکولوں کے بچوں نے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ٹیبلو پیش کیا اور ملی نغموں پر پرفارم کیا۔

Shares: