اسلام آباد (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ کے حافظ پبلک ہائی اسکول کی بس آج صبح اسلام آباد کے شکرپڑیاں علاقے میں خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کی وجہ بس کے بریک فیل ہونے کو قرار دیا گیا ہے۔ افسوسناک واقعے میں 24 سالہ طالبہ شازین جاں بحق ہو گئی، جبکہ دیگر طلبہ اور اساتذہ زخمی ہو گئے۔

حادثہ شکرپڑیاں کے قریب سی ڈی اے اوپن ایئر تھیٹر کے پاس پیش آیا۔ بس میں اسکول کے طلبہ اور اساتذہ سیر کے لیے جا رہے تھے کہ اچانک بس کے بریک فیل ہو گئے، جس سے بس بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر پمز اسپتال اور پولی کلینک منتقل کیا گیا۔ زخمیوں ہونے والے جو پمز اسپتال میں زیر علاج ہیں،ان میں ایمان فاطمہ (16 سال، جماعت 10)،مشال (15 سال، جماعت 9)دیا بی بی (17 سال، جماعت 12)اسنا حشمت (ٹیچر، 24 سال)شامل ہیں

جبکہ پولی کلینک اسپتال میں زیر علاج ملائکہ بی بی (17 سال، جماعت 12)،تسکین زہرہ (ٹیچر)،سعدیہ حمید (ٹیچر) شامل ہیں

حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ایس پی خالد اعوان اور ایس ایچ او آبپارہ نے موقع کا معائنہ کیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا تاہم مزید تحقیق جاری ہے۔

یہ اسکول ٹرپ رانا آفتاب کے حافظ پبلک ہائی اسکول کی جانب سے ترتیب دیا گیا تھا۔ حادثے کی خبر ملتے ہی والدین میں شدید بے چینی پھیل گئی اور وہ اپنے بچوں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اسپتال پہنچنا شروع ہو گئے۔ اسکول انتظامیہ سے بھی حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Shares: