سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کانفرنس روم میں برسات، شہری دفاع اور دفعہ 144 سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، اور ایمرجنسی سروسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار، ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال، انچارج ڈی ڈی ایم اے کیوان حسن اور چیف وارڈن شہری دفاع طاہر مجید کپور سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے موسم برسات کی شدت اور نہروں میں نہانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ندی نالوں اور نہروں میں نہانے سے روکیں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔

اجلاس میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے خطرے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، جس پر لوکل گورنمنٹ کو فوری مہم تیز کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ تمام ہسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے چیف وارڈن شہری دفاع طاہر مجید کپور سے ملاقات کے دوران ساتویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی و ایمرجنسی ڈیوٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران شہری دفاع کی تنظیم نو اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مشترکہ ایکشن پلان کی تیاری پر زور دیا گیا تاکہ ہنگامی حالات میں بہتر، مربوط اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

Shares: