سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)قائداعظم کے 148 ویں یومِ ولادت پر مرے کالج میں سیمینار کا انعقاد
قائداعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یومِ ولادت کے موقع پر مرے کالج سیالکوٹ میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس لیڈرشپ (IBL) اسلام آباد کے زیرِ اہتمام ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت IBL کے چیف ایگزیکٹو وحید شریف اور ایگزیکٹو ایڈمن معاذ اشرف نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی سابق ایڈیشنل آئی جی پنجاب ڈاکٹر شعیب سڈل تھے۔
پروگرام میں ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق، مرے کالج کے پرنسپل، دیگر تعلیمی و تجارتی شخصیات، مرد و خواتین، اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر شعیب سڈل نے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے سیالکوٹ کے اپنے دورے کے دوران نوجوانوں کے جوش و جذبے کو دیکھتے ہوئے کہا تھا کہ جب پنجاب جاگتا ہے، تو کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے پاکستان کی آزادی کے لیے کی جانے والی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل پر فرض ہے کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔
پروگرام کا مقصد قائداعظم کے افکار و نظریات کو اجاگر کرنا اور عوام میں شعور بیدار کرنا تھا۔ شرکاء نے اس موقع پر قائداعظم کے خواب کی تعبیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔