سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ضلع سیالکوٹ میں ساتویں محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے جلوس اور مجالس کا سلسلہ پُرامن انداز میں جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔

مرکزی جلوس امام بارگاہ دربتول اڈا پسروریاں سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نمازِ فجر سے قبل اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے جن کے لیے سبیلوں اور نیاز کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں آج مجموعی طور پر 73 جلوس اور 129 مجالسِ عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے 2000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ جلوس کے تمام راستوں کو خار دار تاروں سے سیل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی نگرانی کے لیے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے کنٹرول روم سے منسلک کیے گئے ہیں۔

داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ اہم مقامات اور عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہیں۔ پنجاب رینجرز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔

پولیس کے مطابق ضلع میں کیٹیگری "اے” کے 12، کیٹیگری "بی” کے 22 اور کیٹیگری "سی” کے 39 جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا جامع پلان جاری کیا گیا ہے۔

جلوس میں شرکت کرنے والے تمام افراد کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

Shares: