سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) مہنگائی کے موجودہ دور میں دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت الشیخ جناح میموریل (ویلفیئر) ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کی جانب سے 19 اور 20 مئی 2025 کو ایک عظیم الشان فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 4500 مریضوں کو مفت طبی معائنہ، ادویات، اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔
کیمپ میں شوگر، کولیسٹرول، دل کے امراض اور بی ایم ڈی کے مفت ٹیسٹ فراہم کیے گئے، جبکہ ایکسرے، الٹرا ساؤنڈ اور لیبارٹری ٹیسٹوں پر 50 فیصد رعایت دی گئی۔ کیمپ کے دوران جن مریضوں کو سرجری یا سرجیکل پروسیجر کی ضرورت تشخیص کی گئی، انہیں آئندہ پندرہ روز کے اندر ہسپتال میں 50 فیصد خصوصی رعایتی پیکج پر آپریشن کی سہولت دی جائے گی۔
اس موقع پر انجمن شیخاں (رجسٹرڈ) کے صدر شیخ محمد اشرف حیدر نے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف عام انسانوں کی خدمت اور غریبوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الشیخ ہسپتال کا مکمل کنسلٹنٹ و سپیشلسٹ عملہ ہمہ وقت مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے۔
تقریب میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طارق محمود چودھری، ایڈمنسٹریٹر محمد یوسف کھوکھر، محمد عرفان، شیخ محمد افتخار، حکیم شیخ محمد عبدالواحد، شیخ جاوید حیدر، شیخ امجد عزیز، شیخ سعید ناصر، شیخ عاطف عبدالرحمان، شیخ محمد اسلم، ڈاکٹر عاف شیخ اور شیخ بلال کپور سمیت متعدد شخصیات شریک ہوئیں۔