سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہری سے ناروا سلوک کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ مراد پور کے ایس ایچ او اکرم شہباز کو معطل کر دیا اور ان کے خلاف انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ڈی ایس پی صدر محمد نعمان کو واقعے کی مکمل تحقیقات کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

واقعہ کے مطابق، ٹبی آرائیاں کے رہائشی شہری قیصر نے چوری کی واردات کی اطلاع 15 پر کال کرکے دی تھی، تاہم ایس ایچ او اکرم شہباز نے مبینہ طور پر مقدمہ درج کرنے کے بجائے شہری کو جھوٹی کال کا الزام دے کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پولیس کا کام عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے، نہ کہ انہیں ہراساں کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے افسران کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے واضح کیا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، اور کسی بھی ناانصافی پر فوری اور مؤثر کارروائی جاری رہے گی۔

Shares: