سیالکوٹ ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ اس سال رمضان المبارک میں آلو، پیاز، ٹماٹر اور لیموں سمیت بیشتر اشیاء خوردونوش گزشتہ سال کی نسبت کم قیمت میں مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ سیالکوٹ میں عوام کے لیے رمضان سہولت بازار میں بازار سے بھی رعایتی داموں اشیائے ضروریہ دستیاب ہیں، جہاں چکن پر 25 روپے فی کلو گرام خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے آج رمضان ماڈل بازار کے دورے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لینے کے دوران خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ملک عبداللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ضلع سیالکوٹ کے 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد گھرانوں کو 10 ہزار 500 روپے کے حساب سے نگہبان رمضان پیکج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت رمضان بازار مارکیٹ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوش ہے جہاں چینی 130 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے اور اسی طرح آٹا، گھی، مشروبات، سبزیوں اور پھلوں پر رعایتی داموں اشیائے خوردونوش کی فروخت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں گراں فروشی کا سدباب ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے 37 پرائس مجسٹریٹس اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی مسلسل چیکنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ 582 ناجائز منافع خوروں کو 21 لاکھ 15 ہزار 500 روپے جرمانے کیے گئے۔

Shares: