سیالکوٹ: سوشل سکیورٹی ہسپتال کو 100 بیڈ کا جدید ہسپتال بنایا جائے گا،محمدعلی

سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض): کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی نے سیالکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کو 50 سے بڑھا کر 100 بیڈ کا جدید ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے دورے کے دوران، کمشنر نے نئے آئی سی یو وارڈ اور اپ گریڈڈ نرسری وارڈ کا افتتاح کیا۔ نرسری وارڈ میں 6 نئے انکیوبیٹرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کی مختلف سہولیات کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے معیار کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹروں اور سٹاف کی حاضری اور ریکارڈ کو بھی چیک کیا گیا۔

کمشنر نے مقامی فیکٹریوں کا دورہ بھی کیا اور مزدور رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ مزدوروں نے ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمشنر نے فوری طور پر ایک مقامی فیکٹری میں قائم سوشل سکیورٹی ڈسپنسری میں لیڈی ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات جاری کیے۔

کمشنر نے سیالکوٹ ڈائریکٹوریٹ کو کنٹری بیوشن ٹارگٹس کی سو فیصد ریکوری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ نادہندہ یونٹس سے ریکوری اور ماہانہ کنٹری بیوشن ٹارگٹس کو سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Comments are closed.