سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف خرم میر) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے سیلابی سیزن کے پیش نظر عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دریاؤں، نہروں اور نالوں سے ریت اور مٹی نکالنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ نے سیکشن 144 کے تحت 60 روز کے لیے سخت پابندی نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ غیر قانونی کھدائی کے باعث مصنوعی نالے بننے اور پانی کے قدرتی بہاؤ میں تبدیلی کا خطرہ موجود ہے، جس سے نہ صرف زرعی نظام متاثر ہو سکتا ہے بلکہ حفاظتی بند بھی شدید نقصان کا شکار ہو سکتے ہیں۔ پانی کی رفتار میں غیرمعمولی اضافہ ان بندوں کو کمزور کر کے ممکنہ تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیلابی سیزن میں تمام تر اقدامات انسانی زندگی اور املاک کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، اور کسی قسم کی غفلت یا قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی جگہ خلاف ورزی یا غیر قانونی کھدائی کی اطلاع ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1718 یا فون نمبر 052-9250011 پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ اس پابندی کے احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اسے وسیع پیمانے پر مشتہر کیا جائے تاکہ عوامی شعور میں اضافہ ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا یہ قدم ماحولیاتی تحفظ، آبی بہاؤ کی بحالی، اور ممکنہ قدرتی آفات سے بروقت بچاؤ کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔