سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق عید الفطر پر ایس ڈبلیو ایم سی کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ قبرستانوں اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی کی جائے گی اور اہم شاہراہوں اور بازاروں کی چونا کاری کی جائے گی۔ عید کے ایام میں زیرو ویسٹ پالیسی اپنائی جائے گی۔ اسی طرح پی ایچ اے اور میونسپل کمیٹیز پبلک پارکس میں گھاس اور پودوں کی تراش خراش اور صفائی کے انتظامات آئندہ تین روز میں مکمل کریں تاکہ شہری عید کے تہوار کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید الفطر پر خصوصی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تمام محکموں کے مقامی حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اے ڈی سی ریونیو نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانسپورٹ مالکان سے میٹنگ کریں اور مقررہ کرایہ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے متحرک انداز میں کارروائی کریں۔ جہاں ضرورت پڑے گی پولیس، ٹریفک پولیس اور انتظامیہ ہمہ وقت تعاون کے لیے آن کال ہوگی۔
اے ڈی سی ریونیو نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن کمیٹیز کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹس لائٹس کو روشن رکھیں اور اپنی حدود میں ٹریفک کی روانی میں خلل بننے والی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں اور عملہ تہہ بازاری کو متحرک رکھیں۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں ایمرجنسی ڈیسک قائم کریں جہاں پر ایک ملازم ڈیوٹی پر موجود رہے جو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطے میں رہے۔ تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر کم سے کم وقت میں ریسپانس کیا جا سکے۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم 9250011 فعال کر دیا گیا ہے جو عوام کی سہولت کے لیے بغیر کسی تعطیل کے 24 گھنٹے فعال رہے گا۔