سیالکوٹ: ڈینگی کے خلاف سخت اقدامات، دکانداروں اور اداروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایات

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے ڈینگی کے پھیلاؤ کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی ایکٹ کے تحت خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور اداروں کے خلاف بلا امتیاز مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں محکمہ صحت اور تعلیم کے مقامی حکام سمیت دیگر محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اے ڈی سی جنرل ایوب بخاری نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں ڈینگی کے تمام ہاٹ سپاٹس کی نگرانی کی جائے گی اور جہاں ڈینگی کے کیسز سامنے آئیں گے، وہاں فوری طور پر ایس او پیز کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "اینڈرائڈ بیسڈ ڈینگی ایکٹیویٹی پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی” اور اس کے ساتھ ساتھ ماحول کی صفائی اور خشک بنانے پر زور دیا تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔ ایوب بخاری نے کہا کہ کمیونٹی کا تعاون اس جنگ میں اہم ہے، اور ڈینگی مچھر سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

ڈاکٹر وسیم مرزا نے بتایا کہ امسال ڈینگی کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 7 کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، جبکہ باقی کیسز لاہور، راولپنڈی، دوبئی اور سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کی ٹریول ہسٹری سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مڈل ایسٹ کی پروازوں کے مسافروں کی فیور اسکیننگ کی جارہی ہے، اور اب تک 23 ہزار مسافروں کی اسکیننگ کی جا چکی ہے۔

اس کے علاوہ، تمام محکموں کو ڈینگی کے خلاف اپنے اقدامات مزید مستحکم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ اس موزی بیماری کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

Comments are closed.