سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ماہ صیام میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر صارفین کو فراہمی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے پرائس مجسٹریٹس کو مؤثر انداز میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اس ضمن میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد بھی لی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پرائس کمیٹی برائے اشیائے خوردونوش کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وائس چیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی خالد بٹ، سیکرٹری/ ڈی او انڈسٹریز تنویر احمد، ممبران ملک تاج، اشفاق نذر گھمن، عقیل کپور، حافظ نصیر، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، لائیو اسٹاک اور فوڈ کنٹرولر کے مقامی حکام نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران تاجر برادری اپنے منافع کی شرح کو کم سے کم رکھیں اور گراں فروشی سے گریز کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس لسٹ کو دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے تاکہ صارفین آسانی سے قیمتوں سے آگاہ ہو سکیں۔ مزید برآں، پرائس مجسٹریٹس مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد پر نظر رکھیں گے اور ذخیرہ اندوزوں و مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔