سیالکوٹ،باغی ٹی وی ( مہر مصطفی کی رپورٹ ) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر کے 553مڈل و ہائی سکولوں میں سٹوڈنٹس کونسلز کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور رائے شماری کے بعد منتخب ہونے والے عہدے داروں کو مبارکباد دی۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق وزارتِ تعلیم حکومت پنجاب نے اسٹوڈنٹس کونسل کے ضابطہ اخلاق اور انتخابی شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق ضلع سیالکوٹ کے 309ہائی اور 144مڈل سکولوں میں طلبہ و طالبات نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کا انتخاب کیا،
شیڈول کے مطابق ہر کلاس میں بھی ایک ایک کلاس نمائندہ بھی منتخب کیا جائے گا، ہر سیٹ کے لئے بار کونسلز اسٹائل میں صرف ہر امیدوار انفرادی حیثیت میں الیکشن کا اہل تھا۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابی عمل کا جائزہ لینے کے دوران کہا کہ اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات کا مقصد سکولوں کے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے فیصلہ سازی میں طلبہ کی عملی شرکت یقینی بنانا ہے، جلد تمام سٹوڈنٹس کونسلز کے نمائندے حلف اٹھائیں گے۔
دریں اثناء ڈی او سیکنڈری /فوکل پرسن ملک اللہ داد نے بتایا کہ ضلع کے 35ہائر سیکنڈری سکولوں میں اسٹوڈنٹس کونسلز کا انتخاب گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ہوگا۔