سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بحالی سیلاب پروگرام 2025 کے تحت ضلع سیالکوٹ میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے فلڈ ڈیمج اسسمنٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بتایا کہ ضلع بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں پٹواریوں کے ساتھ ساتھ زراعت، لائیو اسٹاک، اربن یونٹ اور پاک فوج کے نمائندے شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں جانی، مالی، لائیو اسٹاک، فصلات اور مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی سروے کریں گی جو تین سے چار ہفتوں میں مکمل ہوگا تاکہ متاثرہ خاندانوں کی بروقت مدد اور معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور شفاف و مؤثر سروے سے ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ فلڈ ڈیمج اسسمنٹ سے متعلق اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال، پاک فوج، اربن یونٹ، لائیو اسٹاک، ریونیو اور زراعت کے حکام نے شرکت کی۔