سیالکوٹ: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی یونین کونسلز میں صفائی مہم کا آغاز

سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو)ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی یونین کونسلز میں صفائی مہم کا آغاز

تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر نے بتایا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تحصیل سیالکوٹ کی 43 دیہی یونین کونسلز میں صفائی کا کامیابی سے آغاز ہو چکا ہے۔ اس مہم میں 430 سینٹری ورکرز اور 129 لوڈر رکشوں کی مدد سے دیہات میں گھر گھر جا کر ویسٹ کلیکشن کی جا رہی ہے۔

انعم بابر نے مزید بتایا کہ زیرو ویسٹ پروگرام کے تحت تحصیل سیالکوٹ کی 17 یونین کونسلز، جن میں ڈالوالی، رسولپور بھلیاں، وریو، ہندل، کھروٹہ سیداں، گوندل، موماں کلاں، بھگوال اعوان، جوڑیاں کلاں اور مچھرالہ شامل ہیں، سے 1859 میٹرک ٹن ویسٹ ہٹا کر انہیں زیرو ویسٹ کر دیا گیا ہے۔ ہیڈ مرالہ، کور پور، اور پڑتانوالی میں بھی زیرو ویسٹ کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ہر ہفتے تین دیہی کونسلز کو زیرو ویسٹ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات یونین کونسل پڑتانوالی کے گاؤں بھانیوالی میں بلک ویسٹ لفٹنگ کے جائزے کے دوران کہی، جہاں اے ڈی ایل جی تحصیل سیالکوٹ، محمد جلیل بھٹی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہر گاؤں سے بلک ویسٹ اٹھایا جا رہا ہے اور اس کے دوبارہ جمع ہونے سے بچنے کے لیے گاؤں کے باہر عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس بنائے جا رہے ہیں۔ ان پوائنٹس پر سینٹری ورکرز لوڈر رکشوں کی مدد سے گھر گھر سے ویسٹ اکٹھا کر رہے ہیں، جسے پھر ضلع کونسل کے ایکسیویٹرز اور ٹرالیوں کی مدد سے لینڈ فل سائٹ پر ڈمپ کیا جا رہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دیہات کی صفائی کے لیے ستھرا پنجاب مہم میں بھرپور تعاون کریں اور صفائی کے عملے کا ساتھ دیں تاکہ دیہات صاف ستھرے رہ سکیں۔

Comments are closed.