سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے ) ٹینری زون کا منصوبہ نہ صرف سیالکوٹ شہر کو آلودگی سے پاک بنائے گا جبکہ چمڑے کی مصنوعات کا معیار بھی بہتر بنائے گا اور برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ کرکے ملک کے لئے خطیر زرمبادلہ کمانے کا سبب بھی بنے گا۔
ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر سیالکوٹ ٹینری ایسوسی ایشن گارنٹی لمیٹڈ چودھری احمد ذولفقارحیات نے سیالکوٹ ٹینریز کی منتقلی اور تعمیرات کے قوانین کی آگاہی کے سلسلے میں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سمینار کی صدارت چیئرمین ملک نصیر احمد نے کی۔ نظامت کے فرائض پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد عاطف نے ادا کئے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائر یکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات سیالکوٹ مقصود ربانی بٹ، منیجر سیالکوٹ سہولت مرکز برائے بزنس حیدر منیر شاہ، نمائندہ ڈبلیو ڈبلیو ایف عدیل یونس، شیخ عبدالوحید صندل، شیخ نوید اقبال، محمد کاشف اعجاز، شفیق طاہر مغل چیئرمین متاثرین ٹینری زون، خالد لطیف، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ عبدالشکور مرزا اور ٹینریز کے مالکان کی کثیر تعداد نے اس موقع پر شرکت کی۔
سی ای او چودھری احمد ذولفقارحیات نے کہا کہ سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت نے سیالکوٹ شہر کو صنعتی آلودگی سے پاک بنانے کے لیے ٹینری زون کے جس منصوبے کا آغاز کیا تھا وہ تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔
سیالکوٹ کے ٹینری مالکان نے ماحول دوستی کا ثبوت فراہم کرتے ہوئے شہر سے تمام ٹینریاں ٹینری زون منتقل کرنے کے لئے جن مالکان نے اپنی فیکٹریوں کی تیزی سے تعمیر شروع کردی ہے ان کے ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں جبکہ ابھی تک تعمیر شروع نہ کرنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ پلاٹوں کی منسوخی سمیت تمام قسم کی پریشانیوں سے بچنے کے فوری طور تعمیراتی کام شروع کریں اور ٹینری زون کی سہولت کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے کام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق شروع کریں۔
صدر تقریب ملک نصیر احمد نے سیالکوٹ ٹینری زون کا منصوبہ چمڑے کی صنعت کی ترقی میں نمایاں بہتری لائے گا اور ہم عالمی منڈیوں میں اپنا مزید بہتر مقام حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔
مہمان ذی وقار مقصود ربانی بٹ نے کہا کہ حکومت نے جس مقصد کے لئے ٹینری زون کا منصوبہ شروع کروانے میں سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی سے بھرپور تعاون کیا تھا اسے حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے اب تمام ٹینری مالکان اپنی اپنی فیکٹریاں ٹینری زون میں فوری طور پر منتقل کریں اور سیالکوٹ شہر کو آلودگی سے پاک بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔
جن فیکٹری مالکان نے اپنی فیکٹریاں زون میں منتقل نہ کی انہیں شہر میں کام کرنے سے روک دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا ان کے محکمے کی خواہش اور کوشش ہے کہ فیکٹری مالکان جتنی جلدی ممکن ہو ٹینری زون میں منتقل ہوں اور محکمے کو سخت کارروائی نہ کرنا پڑے۔
نمائندہ ڈبلیو ڈبلیو ایف عدیل یونس نے کہا ان کی ادارے نے اس منصوبے کے لئے اپنے وسائل وقف کئے ہیں کہ سیالکوٹ شہر کو آلودگی سے بنایا جائے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ عبدالشکور مرزا نے کہا کہ ان کی تنظیم ایک عرصے سے سیالکوٹ شہر میں آلودگی کے خاتمہ کے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ سیالکوٹ ٹینری ایسوسی ایشن مبارک کی مستحق ہے کہ اس نے پاکستان کا پہلا ماحول دوست منصوبہ شروع کرکے سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اور عام شہریوں پر ایک بہت بڑا احسان کیا ہے۔
اب سیالکوٹ شہر سے ٹینریاں زون میں منتقل کرنے سے کینسر، یرقان، معدہ و جگر اور جلدی بیماریوں کی کمی امید پیدا ہو گئی ہے۔ سیالکوٹ کی سول سوسائٹی تنظیمیں ٹینری زون کی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کرئے گی۔
منیجر سیالکوٹ سہولت مرکز برائے بزنس حیدر منیر شاہ نے خطاب کیا اور سیالکوٹ کے صنعت کاروں کو اپنے ادارے کی طرف سے دی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا۔








