سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو )سیالکوٹ میں ٹینری زون ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کارپوریشن سائرہ عمر، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، لیدر ڈویلپمنٹ کے ذوالفقار حیات گھمن، چیئرمین سیالکوٹ ٹینری زون ملک نصیر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری انڈسٹریز نے اجلاس کے دوران بتایا کہ سیالکوٹ ٹینری زون ایک ماحول دوست پراجیکٹ ہے، جس سے لیدر مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ حکومت پنجاب نے اس پراجیکٹ کے لیے 28 کروڑ روپے کا آسان قرضہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر 2024 تک ٹینریوں کی منتقلی کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد جو ٹینریاں زون میں منتقل نہیں ہوئیں، ان کی پلاٹ الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یونیڈو کے تعاون سے ٹینری زون میں کیمیکل ویسٹ واٹر پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، جو دسمبر تک فعال ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ کروم ریکوری پلانٹ بھی دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔ مزید برآں، 25 میگا واٹ کا گرڈ اسٹیشن اور سوئی گیس کے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروائے جا چکے ہیں، جبکہ زون میں کیمیکل اور انڈسٹریل ویسٹ واٹر کے لیے سیوریج سسٹم کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے۔

اجلاس میں سیالکوٹ سرجیکل سٹی کے زمین کے ایکوزیشن کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا، اور روڈ انفراسٹرکچر کا 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

Shares: